سمیر منہاس نے قومی ٹیم میں اپنے پسندیدہ کھلاڑی کا نام بتا دیا

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دینے والے پاکستانی کرکٹر سمیر منہاس نے کہا ہے کہ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کا کرم ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سمیر منہاس نے بتایا کہ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں شکست کے بعد ٹیم نے اپنی غلطیوں پر کام کیا اور کوچز کی طرف سے فائنل میں کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ پرفارمنس بہتر بنانے کے لیے مختلف کیمپس میں بھرپور پریکٹس کی گئی، جس کی وجہ سے فائنل میں کھیلتے ہوئے کوئی پریشر محسوس نہیں ہوا۔

بھارت کے خلاف میچ میں وہ پراعتماد ہو کر کھیلے اور سنچری اسکور کرنا ان کے لیے بہت خوشی کا لمحہ تھا۔ سمیر نے بتایا کہ میچ کے دوران ٹیم کا مقصد 350 سے زائد کا ٹوٹل اسکور حاصل کرنا تھا۔

سمیر نے مزید کہا انشاء اللہ ایک دن آئے گا جب میں اور میرے بھائی ایک ساتھ قومی ٹیم کے لیے کھیلیں گے۔

انہوں نے پی سی بی کے چیئرمین اور کوچز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حوصلہ افزائی اور بھرپور تعاون نے ٹیم کی مورال بلند کی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فائنل کے دوران بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کا رویہ نامناسب تھا، لیکن کھیل کے دوران تمام کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک بھر کے بینکوں میں عام تعطیل کا اعلان

سمیر کے مطابق ان کا پلان یہ تھا کہ اگر بھارتی کھلاڑی ہاتھ بڑھائیں تو وہ بھی ملائیں، اور ٹیم نے اپنی بہترین گیم کھیلنے پر توجہ دی۔

سمیر منہاس نے وطن واپسی پر کیے گئے پرتپاک استقبال کو خوشی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیت کا سب سے پہلا کریڈٹ ان کے والدین کو جاتا ہے، جنہوں نے ان کی کرکٹ میں کافی محنت کی۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے کوچ کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کی رہنمائی کی۔

ان کے پسندیدہ قومی کھلاڑی بابر اعظم ہیں اور ڈی کاک کا ریکارڈ توڑنا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔

Scroll to Top