پرائیویٹ حج عازمین کے لئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: رواں سال کوئی بھی پرائیویٹ حاجی حج کے موقع سے محروم نہیں رہے گا۔ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے حکومتی مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل ہی تمام عازمین کی بکنگ مکمل کر لی ہے، جس سے حج انتظامات کے حوالے سے تمام بڑے خدشات ختم ہو گئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج آرگنائزرز نے عازمین کی 100 فیصد رقم بروقت سعودی عرب منتقل کر دی ہے، جس کے بعد عازمین کی رہائش، کھانے پینے اور دیگر ضروری سہولیات کی ادائیگیاں بھی مکمل کر دی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ، منیٰ میں پرائیویٹ عازمین حج کے لیے رہائش کی بکنگ بھی پہلے ہی کی جا چکی ہے، تاکہ حج کے دوران کوئی خلل نہ آئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بروقت رقوم منتقل نہ ہونے کے باعث 63 ہزار سے زائد پرائیویٹ حاجی حج سے محروم رہ گئے تھے، جس پر شدید عوامی اور میڈیا ردعمل سامنے آیا تھا۔

اس ضمن میں حکومت نے اس سال نجی حج آپریٹرز کے لیے سخت نگرانی کے اقدامات اور واضح ڈیڈ لائن مقرر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات کے حوالے سے بڑا اعلان کردیا

حکام نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پرائیویٹ حج آپریٹرز کو 31 دسمبر تک تمام مالی اور انتظامی معاملات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اس ہدایت پر نجی حج آرگنائزرز نے عمل کرتے ہوئے تمام تقاضے مقررہ وقت سے قبل پورے کر لیے ہیں، جس سے عازمین حج کو سہولت فراہم ہوگی اور گزشتہ سال پیش آنے والی مشکلات سے بچا جا سکے گا۔

اس موقع پر حکام کا کہنا تھا کہ بروقت انتظامات سے نہ صرف عازمین کی سہولت یقینی بنائی گئی ہے بلکہ حج کے انتظامات میں شفافیت اور پیشگی تیاری کے ذریعے کسی بھی قسم کی غیر یقینی صورتحال سے بچا گیا ہے۔

Scroll to Top