اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کے باعث موسم نے ایک بار پھر رنگ بکھیر دیے ہیں، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ اور قدرتی حسن دوبالا ہو گیا ہے۔
مانسہرہ کی تمام وادیوں میں گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ناران، بٹہ کنڈی، بابوسر ٹاپ اور سیف الملوک جھیل میں برفباری کے بعد ہر طرف سفید چادر بچھ گئی ہے۔
برف اور بارش کے امتزاج نے ان سیاحتی مقامات کی خوبصورتی میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے، جسے دیکھنے کے لیے مقامی افراد اور سیاح بڑی تعداد میں قدرتی مناظر کی جانب کھنچے چلے آ رہے ہیں۔
دیر بالا کے مختلف علاقوں میں بھی سیزن کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں پہاڑ برف سے ڈھک گئے۔
لواری ٹنل، کمراٹ اور گردونواح میں برفباری سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم برف سے ڈھکے مناظر سیاحوں کے لیے باعثِ کشش بن گئے ہیں۔
اسی طرح کالام، مالم جبہ اور مہو ڈنڈ کے پہاڑی سلسلے بھی برف کی سفید تہہ میں چھپ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مذاکرات کے لیے شفیع جان نے شرائط سب کے سامنے رکھ دیں
دوسری جانب اسلام آباد، راولپنڈی، مری، لاہور اور پنجاب کے دیگر مختلف شہروں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث موسم خوشگوار مگر سرد ہو گیا ہے۔
بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی محسوس کی جا رہی ہے اور سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بالائی علاقوں میں مزید برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا امکان موجود ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





