ہنگو:ڈسٹرکٹ پولیس ( ڈی پی او) ہنگو خان زیب مہمند نے ایس پی انویسٹیگیشن عبدالصمد خان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہنگو نصیر خان کے ہمراہ قاضی تالاب چیک پوسٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور چیک پوسٹ پر تعینات نفری کی کارکردگی کو سراہا۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او ہنگو نے گزشتہ شب دہشتگردوں کی بزدلانہ حملے کی کوشش کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنانے پر نفری کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کی تعریف کی اور انہیں شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ ہنگو پولیس دشمن عناصر کے ہر ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دورے کے دوران ڈی پی او ہنگو خان زیب خان مہمند نے قاضی تالاب چیک پوسٹ میں جاری تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ سٹاف کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرتے ہوئے چیک پوسٹ کو ہر صورت محفوظ اور مضبوط بنایا جائے تاکہ سیکورٹی انتظامات مزید مؤثر ہوں۔
ڈی پی او ہنگو نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں چیک پوسٹوں اور حساس مقامات کی سیکورٹی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ علاقے میں امن و امان قائم رہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں دہشت گردوں کا حملہ، پولیس اہلکار سمیت 4 زخمی
یاد رہے کہ گزشتہ شپ ہنگو کے تھانہ سٹی کی حدود میں واقع قاضی تالاب چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے، جن میں 2 پولیس اہلکار اور ایک امام مسجد شامل ہیں۔
فائرنگ کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید بھی ہوگیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی اہلکاروں میں کانسٹیبل علی رضا اور کانسٹیبل صابر شامل ہیں، جبکہ امام مسجد فرمان بھی اس حملے میں زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے فوراً بعد پولیس کی مزید نفری موقع پر پہنچ گئی اور مسلح افراد کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
پولیس نے علاقے کو سیل کر دیا اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔
زخمی اہلکاروں اور امام مسجد کو پہلے ہنگو کے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا، پھر تین زخمی افراد کو مزید علاج کے لیے پشاور کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او ہنگو خانزیب خان مہمند نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس حملے میں 4 پولیس اہلکار اور امام مسجد زخمی ہوئے ہیں، اور ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا ہے۔





