فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں امریکی بحریہ کی طاقت کو مزید بڑھانے کے لیے تاریخ کے سب سے بڑے بحری جہاز “وکٹری” اور جدید گولڈن فلیٹ کے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور نیول چیف کے ہمراہ میڈیا سے خطاب کیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج دنیا کی سب سے مضبوط فوج ہے اور بحریہ کو دنیا کی طاقتور ترین بحریہ بنانے کے لیے 15 نئی آبدوزیں اور 3 جدید طیارہ بردار جہاز تیار کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ آبدوز سازی میں امریکہ دنیا کے کسی بھی ملک سے 15 سال آگے ہے اور چین یا روس ان کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ وکٹری نامی جہاز جدید ہتھیاروں جیسے گن، ہائپر سونک میزائل اور لیزر سے لیس ہوگا، اور اس سے امریکی جہاز سازی کی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔
بحریہ کے ہیڈ کوارٹر کو بھی جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ امریکی بحریہ عالمی سطح پر اپنی برتری برقرار رکھے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ میں گزشتہ سال 3 لاکھ افراد منشیات کے استعمال سے ہلاک ہوئے، اور سمندر کے راستے منشیات کی اسمگلنگ کو 95 فیصد تک روک دیا گیا ہے۔
منشیات سے بھری کشتیوں کو سمندر میں تباہ کر کے ہر سال تقریباً 25 ہزار جانیں بچائی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی آئی اے کی تاریخ بدلنے والا دن: آج نجکاری کا فیصلہ ہوگا
صدر ٹرمپ نے جیفری ایبسٹین کے معاملے پر بھی بات کی، کہا کہ انہوں نے ایبسٹین جزیرے کا کبھی دورہ نہیں کیا اور ایبسٹین فائلز میں موجود تصاویر کی بنیاد پر کئی افراد تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ کو روکا، اور پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ان کا شکریہ ادا کیا کیونکہ ان کی مداخلت سے تقریباً 10 لاکھ جانیں بچائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اب تک 8 جنگیں ان کی مداخلت سے روکی گئی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے آخر میں کہا کہ ایک دو سال پہلے جو لوگ ان پر ہنستے تھے، اب وہ ان کا احترام کرتے ہیں، اور امریکہ کی فوج دنیا کی سب سے جدید اور مضبوط دفاعی طاقت کے طور پر برقرار ہے۔





