پی آئی اے نجکاری سے پہلے حساب دو! سراج الحق نے حکومتوں کی ناکامی بے نقاب کر دی

پی آئی اے نجکاری سے پہلے حساب دو! سراج الحق نے حکومتوں کی ناکامی بے نقاب کر دی

پی آئی اے سمیت قومی اداروں کی نجکاری،سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومتوں سے کڑا حساب مانگ لیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پی آئی اے سمیت قومی اداروں کی نجکاری پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اداروں کی نجکاری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ماضی اور موجودہ تمام حکومتیں ان اداروں کو درست انداز میں چلانے میں ناکام رہی ہیں۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں سراج الحق نے کہا کہ نجکاری سے پہلے یہ طے ہونا چاہیے کہ قومی اداروں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کون تھے۔ جن افراد یا پالیسیوں کی وجہ سے قومی اثاثے تباہ ہوئے، پہلے ان کا تعین اور احتساب کیا جانا چاہیے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ قومی ادارے قوم کی امانت ہوتے ہیں اور ان کی نجکاری یا بندربانٹ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو خسارے میں دھکیلنے کے بعد انہیں فروخت کرنا دراصل نااہلی پر پردہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

سابق امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ اگر احتساب کے بغیر نجکاری کا عمل جاری رکھا گیا تو یہ اقدام قومی مفاد کے خلاف ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں بدلتی رہیں مگر قومی ادارے تباہ ہوتے چلے گئے، جس کی ذمہ داری سے کوئی بھی حکومت بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجکاری سے قبل ایک شفاف اور آزادانہ تحقیقات کے ذریعے یہ سامنے لایا جائے کہ قومی اداروں کو نقصان پہنچانے کے ذمہ دار کون ہیں، تاکہ قوم کو حقیقت سے آگاہ کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے اقدامات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top