20 سال بعد بڑی نجکاری کا آغاز!نجکاری کی راہ ہموار، قومی ائیر لائن کے لیے پہلے مرحلے کی بولیاں کھلی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن کی نجکاری کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نجکاری کے پہلے مرحلے کے دوران تین پری کوالیفائیڈ بڈرز نے اپنی بولیاں جمع کرا دی ہیں، اور یہ مرحلہ آج سہ پہر ساڑھے تین بجے کھولا جائے گا۔
پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ (PC Board) کے اجلاس میں بڈرز کی جمع کرائی گئی بولیوں کی جانچ کے بعد ریفرنس قیمت طے کی جائے گی، جو بعد میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کی جائے گی
مشیر نجکاری محمد علی نے بڈنگ کے پہلے مرحلے کے مکمل ہونے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’قومی ائیر لائن کی فروخت کے لیے بڈنگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ اب ہم پی سی بورڈ کے پاس جائیں گے، جو ریزرو پرائس کا تعین کرے گا۔ ریزرو پرائس کسی کو بھی معلوم نہیں، اور یہ بورڈ کی منظوری کے بعد کابینہ کمیٹی کے پاس جائے گی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ کمیٹی ریزرو پرائس کے حوالے سے حتمی منظوری دے گی، اور یہ ایک بہت بڑا مرحلہ ہے کیونکہ گزشتہ 20 سالوں میں ملک میں کسی بھی بڑی نجکاری کا عمل نہیں ہوا۔
نجکاری کے اس عمل سے امید کی جا رہی ہے کہ قومی ائیر لائن کے انتظامات میں شفافیت آئے گی اور ملکی ایئرلائن سیکٹر میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ قدم نہ صرف ملکی معیشت کے لیے اہم ہے بلکہ اس سے نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔





