2025 میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں گھنٹیاں بجیں، لیکن اجلاس کبھی مقررہ وقت پر شروع نہ ہوئے

سال بھر اسمبلی کی کارروائی تاخیر اور کورم کی کمی کا شکار، قوانین منظور، لیکن اجلاسیں سست رہیں

تفصیلات کے مطابق سال 2025 میں خیبر پختونخوا اسمبلی کی کارکردگی نے سیاسی مبصرین کی توجہ حاصل کی، کیونکہ گھنٹیاں تو بجتی رہیں، لیکن اجلاس مقررہ وقت پر شروع نہ ہو سکے۔ سال بھر میں اسمبلی کی کارروائی تاخیر، کورم کی نشاندہی اور طویل مباحث کے باعث خبروں میں رہی۔

دستاویزات کے مطابق، سال 2025 میں کے پی اسمبلی کے مجموعی طور پر 4 سیشنز منعقد ہوئے، جن میں 31 قوانین ایوان میں پیش کیے گئے۔ ان میں سے 26 قوانین منظور ہوئے جبکہ 5 قوانین صرف پیش کیے جا سکے۔ اس عرصے میں 20 قوانین میں ترامیم بھی پیش کی گئیں، جن میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل، فنانس بل، خیبر پختونخوا آسان کاروبار بل، خیبر پختونخوا لیگل ایڈ ترمیمی بل اور زرعی انکم ٹیکس بل شامل ہیں۔

اسی دوران اسمبلی نے 61 قراردادیں منظور کیں، جبکہ 8 مواقع پر نقطہ اعتراض پر بحث ہوئی۔ کورم کی کمی کی وجہ سے 11 مرتبہ اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔

سال 2025 میں اسمبلی نے صوبے کے آئندہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ کی منظوری بھی دی، اور صوبے کی تاریخ میں پہلی بار امن جرگہ منعقد کیا گیا۔ امن و امان کی صورتحال پر چھ ماہ سے زائد عرصے تک تفصیلی بحث بھی جاری رہی۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اسمبلی نے کئی اہم قوانین اور بل منظور کیے، لیکن اجلاسوں میں تاخیر اور کورم کی کمی جیسے مسائل صوبائی اسمبلی کی مجموعی کارکردگی پر سوالیہ نشان بنے رہے۔ مبصرین کے مطابق، سال بھر کے اجلاسوں میں دیر سے آغاز اور طویل مباحث نے قانون سازی کے عمل کو سست کر دیا، جس سے عوامی توقعات پوری نہیں ہو سکیں۔

Scroll to Top