پاکستان کی سفارتی کامیابی نے بھارت کو مایوس کیا،فیلڈ مارشل عاصم منیر کثیرالجہتی خارجہ پالیسی کے ماہر ہیں، برطانوی جریدہ

برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بدلتے عالمی نظام میں ایک مؤثر اور بااثر اسٹریٹجک رہنما قرار دیا ہے۔ جریدے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کثیرالجہتی خارجہ پالیسی کے ماہر ہیں اور انہوں نے پاکستان کی سفارتکاری کو نئے عالمی حالات سے ہم آہنگ کیا ہے۔

فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ بدلتی عالمی سیاست نے مڈل پاورز کے لیے ایک نیا مگر نہایت مشکل دور کھول دیا ہے، جہاں عالمی طاقتوں کے درمیان توازن قائم رکھنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان پیچیدہ حالات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کو درمیانی طاقتوں کے سب سے کامیاب ملٹی الائنرز میں شامل کر دیا ہے۔

جریدے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ سب سے بہتر ہم آہنگی قائم کرنے کا اعزاز بھی پاکستان کے عسکری سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جاتا ہے۔ فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے ساتھ بروقت خوش گفتاری اور نرم سفارتی رویہ پاکستان کے لیے مؤثر ثابت ہوا، جس سے پاکستان کی عالمی سفارتی پوزیشن مضبوط ہوئی۔

فنانشل ٹائمز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مڈل پاورز سفارتکاری کی ایک کامیاب مثال قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان کی قیادت نے واشنگٹن، بیجنگ، ریاض اور تہران کے ساتھ بیک وقت متحرک اور متوازن روابط قائم رکھے، جو ایک مؤثر کثیر جہتی خارجہ حکمتِ عملی کی عکاسی کرتے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی اس سفارتی کامیابی نے بھارت کو مایوس کیا ہے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق بھارت کے لیے درمیانی طاقت کا کردار توقع سے کہیں زیادہ مشکل ثابت ہوا ہے، جبکہ بھارت بدلتے عالمی حالات اور امریکی قیادت کے انداز سے ہم آہنگ ہونے میں ناکام رہا۔

جریدے کے مطابق اس سفارتی ناکامی کے باعث بھارت کو مڈل پاور حکمتِ عملی میں متعدد مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ اس کے برعکس پاکستان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں عالمی سفارتی منظرنامے میں ایک مؤثر اور متوازن کردار کے طور پر ابھرا ہے۔

Scroll to Top