راولپنڈی: افواجِ پاکستان نے بابائے قوم اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور ان کی مثالی قیادت کو قوم اور مسلح افواج کے لیے آج بھی مشعلِ راہ قرار دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افواجِ پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قائداعظمؒ کی بصیرت، اصول پسندی اور غیر متزلزل قیادت آج بھی قوم کی رہنمائی کر رہی ہے۔ ان کے افکار اور نظریات افواجِ پاکستان کے لیے حوصلہ اور رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس کے علاوہ ایئر چیف اور نیول چیف کی جانب سے بھی بابائے قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور قائداعظمؒ کے وژن سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افواجِ پاکستان قائداعظمؒ کے نظریات اور امنگوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
افواج نے ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ، قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان قوم کے ساتھ مل کر قائداعظمؒ کے اصولوں ایمان، اتحاد اور نظم کی روشنی میں پاکستان کو ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 149 واں یومِ پیدائش آج منایا جا رہا ہے
بابائے قوم اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 149 واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں قائداعظم کی بے مثال جدوجہد، قیادت اور ویژن کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
یومِ پیدائش کے موقع پر مزارِ قائد کراچی میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی جائے گی، جبکہ قائداعظم ریذیڈنسی زیارت میں گارڈ آف آنر اور پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔
ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسز اور خصوصی تقریبات کے ذریعے بابائے قوم کی خدمات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا تصور پیش کر کے تاریخ کا دھارا بدل دیا۔
ان کی قیادت میں مسلمانوں نے ایک آزاد ریاست کے قیام کی جدوجہد کی، جو 14 اگست 1947 کو پاکستان کی صورت میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔





