محمد عباس
باجوڑ:ضلعی انتظامیہ باجوڑ نے مرکزی شہر خار کے بازار میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 16 افراد کو گرفتار کر لیا۔
یہ اقدام حکومتِ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈے پر عملدرآمد اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی ہدایات کے تحت کیا گیا۔
کارروائی اسسٹنٹ کمشنر (ہیڈکوارٹر) خار ڈاکٹر صادق علی کی نگرانی میں ڈبل اے سی خار ارشد کمال نے انجام دی۔
اس دوران بازار میں دکانداروں کی جانب سے فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات پر قائم عارضی تجاوزات کو ختم کیا گیا، تاکہ پیدل چلنے والوں کو سہولت فراہم ہو اور ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے۔
انتظامیہ نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ فٹ پاتھ اور دیگر عوامی راستے خالی رکھیں اور آئندہ کسی بھی قسم کا سامان یا عارضی ڈھانچہ عوامی مقامات پر نہ لگائیں۔
جو افراد مسلسل خلاف ورزی کرتے رہیں، ان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی گئی جبکہ دیگر کو وارننگ جاری کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل کے شائقین کے لیے خوشخبری: مزید ہائی وولٹیج میچز آنے والے ہیں
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئندہ تجاوزات کی صورت میں بغیر کسی پیشگی نوٹس کے سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں شہریوں کی سہولت، عوامی نظم و ضبط اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ایسے آپریشنز مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔
اس کارروائی سے خاربازار کے عوام اور تاجروں میں بڑھتی ہوئی تجاوزات کے خلاف سخت پیغام بھیجا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ شہری سہولیات اور قانون کی حکمرانی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔





