پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تعلیمی اداروں کی ٹرانسپورٹ پر سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ کے مطابق اب کسی بھی سکول یا کالج کی بس کو طلبہ کی آمد و رفت کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا، اور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کی گاڑی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ نے اس سلسلے میں پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبر پختونخوا کو باضابطہ مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کی تمام بسیں کمرشل وہیکل کے طور پر فٹنس سرٹیفکیٹ کے پابند ہوں گی۔ فٹنس جانچ موٹر وہیکل ایگزامینر کے ذریعے لازمی کروائی جائے گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور سکول و کالج بسوں کی باقاعدہ انسپکشن کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ضلع کرم میں امن کی بحالی پورے خطے کے استحکام کی ضمانت ہے، آئی جی خیبرپختونخوا
حکام نے واضح کیا کہ یہ اقدام طلبہ کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے، اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ٹرانسپورٹ فوری طور پر رجسٹر کروا کر فٹنس سرٹیفکیٹ مکمل کریں۔
یہ اقدام پشاور میں طلبہ کی سکیورٹی کو یقینی بنانے اور تعلیمی اداروں کی بس سروسز کو محفوظ بنانے کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔





