تحریک انصاف میں اختلافات کی خبروں پر سیکرٹری اطلاعات کا درعمل

حکومتی مذاکرات صرف دکھاوا ہیں، حکومت کی پیشکش سنجیدہ نہیں ہے، شیخ وقاص کا ردعمل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے دراصل عوام کو گمراہ کرنے اور دوغلے پن کی واضح علامت قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت کا رویہ سیاسی گھبراہٹ اور فکری ناکامی کی عکاسی کرتا ہے، اور پی ٹی آئی سے معافی کا مطالبہ حکومت کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو پیشگی شرائط لگا کر بات چیت کا مطالبہ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ایسے مذاکرات سنجیدہ نہیں ہوتے۔

انہوں نے زور دیا کہ اگر حکومت واقعی موجودہ سیاسی اور آئینی بحرانوں کے حل کی خواہاں ہے تو وہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے بات چیت کر سکتی ہے۔ شیخ وقاص اکرم نے مشورہ دیا کہ حکومت کو محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے رابطہ کرنا چاہیے کیونکہ یہ شخصیات اس وقت ایک وسیع تر سیاسی اتفاق رائے کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کسی بھی صورت موجودہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں شامل نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش متضاد موقف اور دوغلے پن پر مبنی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں اور وہ اس سے قبل بھی پی ٹی آئی قیادت کو متعدد بار بات چیت کی دعوت دے چکے ہیں۔

Scroll to Top