حکومتِ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے دو بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جن کے تحت بینک مجموعی طور پر 73 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرے گا۔
اقتصادی امور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق 330 ملین ڈالر کے سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن منصوبے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں جس سے پن بجلی منصوبوں سے پیدا ہونے والی 2,300 میگاواٹ بجلی کی ترسیل ممکن ہو سکے گی۔ اس اقدام سے توانائی کے شعبے میں استحکام آئے گا اور بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ لاہور،اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں متوقع
اسی طرح سرکاری ملکیتی اداروںکی اصلاحات کے لیے 400 ملین ڈالر کے ٹرانسفارمیشن پروگرام پر بھی معاہدہ کیا گیا ہے۔ اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے ایس ای او ایکٹ اور پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا جس سے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری متوقع ہے۔
اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے حکومتِ پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کے عزم کو سراہا اور کہا کہ یہ منصوبے ملک کی اقتصادی ترقی اور توانائی کے شعبے کے استحکام میں اہم کردار ادا کریں گے۔





