نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کی نئی درخواستوں کی رجسٹریشن روکے جانے کے معاملے پر سخت نوٹس لے لیا ہے۔
نیپرا نے کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کی تمام ڈسکوز سے اس حوالے سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے باضابطہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ نیٹ میٹرنگ کی نئی درخواستوں کی رجسٹریشن روکنا موجودہ قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے اور اس عمل کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اتھارٹی کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں کا یہ اقدام ناقابل قبول ہے، کیونکہ نیٹ میٹرنگ سے متعلق قواعد و ضوابط پہلے سے واضح طور پر موجود ہیں۔
جاری بیان میں نیپرا نے تمام ڈسکوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ نیٹ میٹرنگ سے متعلق مکمل تفصیلات تین دن کے اندر نیپرا کو فراہم کریں۔
اتھارٹی نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدہ قرار دیتے ہوئے اسے موسٹ ارجنٹ بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی ہے اور کسی بھی قسم کی تاخیر سے گریز کرنے کا حکم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : موسلا دھار بارشوں کے بعد کیلیفورنیا میں ہنگامی صورتحال، سیلاب سے دو افراد ہلاک
نیپرا نے واضح کیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ کے نئے صارفین کے لیے بھی باقاعدہ ریگولیشنز جاری کی جا چکی ہیں، جن پر عملدرآمد کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ فریقین سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق نیٹ میٹرنگ کے نئے قواعد و ضوابط سے متعلق تجاویز جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد نیٹ میٹرنگ کے نظام کو قانون کے مطابق جاری رکھنا اور صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے، تاکہ بجلی کے شعبے میں شفافیت اور اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔





