انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت نے نو مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے دو مقدمات کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
عدالت نے گلبرگ میں گاڑیاں جلانے سمیت دیگر کارروائیوں میں ملوث میاں محمود الرشید کو مجموعی طور پر 33 سال قید اور چھ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
تحریری فیصلے کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو بھی ہر ایک کو دس دس سال قید کی سزا دی گئی۔
تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سزا یافتہ رہنما سازش کی میٹنگ میں موجود تھے اور ان پر ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور عوام میں انتشار پھیلانے کا الزام ثابت ہوا۔
پراسکیوشن کی جانب سے واٹس ایپ پیغامات اور 70 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئی جبکہ فرانزک رپورٹس اور جے آئی ٹی کی رپورٹ نے ملزمان کو قصور وار ثابت کیا۔
ملزمان نے اپنی حتمی بیانات میں خود کو معصوم قرار دیا تاہم عدالت نے انہیں سزا سنائی، عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پر 23 ملزمان کو بری کر دیا جبکہ رہنماؤں سمیت سات افراد کو قید کی سزا دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: نو مئی مقدمات میں سزائیں پانیوالےپی ٹی آئی رہنماؤں کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم
واضح رہے نو مئی 2023 کو لاہور میں ریاستی اداروں، تھانوں پر اور پولیس کی گاڑیوں اور اہلکاروں پر بدترین حملے ہوئے تھے۔
لاہور کے انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں عدالت لگا کردونوں مقدمات کے الگ الگ فیصلے سنائے۔





