برادر اسلامی ملک متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان آج پاکستان کے دورے پر پہنچ گئے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔
پاکستانی فضائی حدود میں داخلے پر جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں نے شاہی مہمان کے طیارے کو سلامی دی۔
صدر شیخ محمد بن زید النہیان دورے کے دوران صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقاتوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری، خلیج میں اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے کے امور پر بات ہوگی۔
اس کے علاوہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقیاتی منصوبوں اور باہمی تعاون کے دیگر شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
شاہی مہمان کے شایان شان استقبال کے لیے اسلام آباد شہر کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے جبکہ شاہراہوں اور عمارتوں پر پاکستان اور یو اے ای کے پرچم اور دونوں ملکوں کے قائدین کی تصاویر بھی آویزاں کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای اور پاکستان کے رشتے محض سفارتی نہیں، دلوں کے تعلقات ہیں، وزیراعظم
واضح رہے صدر یو اے ای بننے کے بعد شیخ محمد بن زید کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، جس میں وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ پہنچ گیاہے۔





