مہنگائی میں معمولی کمی،ادارہ شماریات نےہفتہ وار رپورٹ جاری کردی

ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار سطح پر معمولی کمی دیکھی گئی ہےجو 0.09 فیصد رہی جبکہ سالانہ بنیادوں پر یہ شرح 2.83 فیصد تک پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی تفصیلات جاری کی ہیں، جن کے مطابق گزشتہ ہفتے 13 بنیادی اشیاء کی قیمتیں بڑھیں، 11 اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں اور 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پسی ہوئی مرچ کی قیمت میں 6.26 فیصد، چکن میں 5.29 فیصد اور کیلے میں 2.46 فیصد اضافہ ہوا۔

اسی رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی میں بجلی کے چارجز میں 1.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی یونٹ قیمت 6 روپے سے بڑھ کر 6 روپے 10 پیسے ہو گئی۔

مزید برآں، لہسن، انڈے، گھی اور مٹن کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جبکہ آلو کی قیمت میں 10.37 فیصد، ٹماٹر میں 9.64 فیصد، چینی میں 4.22 فیصد، دال چنا میں 1.76 فیصد اور پیاز میں 7.43 فیصد کمی ہوئی۔ اس کے علاوہ ایل پی جی، دال مسور اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی۔

Scroll to Top