اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پیدا ہونے والا اشتعال نہ تو سیاسی ہے اور نہ ہی اظہار رائے کی آزادی کے دائرے میں آتا ہے، بلکہ یہ برطانیہ اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ہر ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اس کی سرزمین پر موجود لوگ کسی دوسری خودمختار ریاست کے شہریوں کو بغاوت یا تشدد پر اکسانے والے اقدامات نہ کریں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ اس معاملے پر کارروائی کرے گا، اور واضح کیا کہ پاکستان کے پاس دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔
ادھر وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاست کے نام پر افواج کے سربراہ کو قتل کی دھمکیاں دے رہی ہے، جو بالکل ناقابل قبول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تشدد اور دھمکیوں کا سہارا لینا کسی بھی جمہوری رویے کے دائرے میں نہیں آتا۔
یہ بھی پڑھیں : محمودخان اچکزئی تحریک انصاف کے سوشل میڈیا پر برس پڑے
حکومت پاکستان کی جانب سے برطانوی حکومت کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سے منسلک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مسلسل انتشار، تشدد اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
خط میں مطالبہ کیا گیا کہ برطانیہ ان افراد اور اکاؤنٹس کی شناخت کرے، تحقیقات کرے اور قانون کے مطابق کارروائی کرے۔





