سوال کرنے پر صحافی پر تشدد: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے گارڈز نے انہیں زخمی کر دیا

لاہور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دورے کے دوران لاہور میں ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا، جہاں سینئر صحافی قاسم احمد پر سوال کرنے پر وزیر اعلیٰ کے گارڈز نے تشدد کیا۔

واقعے کے نتیجے میں صحافی کے ہونٹ زخمی ہو گئے اور گردن میں درد کے باعث انہیں نیک کالر لگانا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ وزیر اعلیٰ کی پریس کانفرنس کے دوران پیش آیا، جب سینئر صحافی نے سوال پوچھا۔ صحافی برادری نے اس حملے کو آزادیٔ صحافت پر براہِ راست حملہ اور قابل مذمت قرار دیا۔

سچ نیوز کے بیورو چیف قاسم احمد کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے پر صحافی برادری نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی متاثرہ صحافی کی تیمارداری کے لیے خود ان کے گھر جائیں گے اور کیا وہ صحافی کمیونٹی سے معافی مانگیں گے۔

صحافی برادری نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے گارڈز کی جانب سے لاہور میں قانون کو ہاتھ میں لینا اور سوال کرنے پر صحافیوں پر تشدد کرنا جمہوری اور صحافتی اقدار کے منافی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سوشل میڈیا ہنگامہ: طلال چوہدری نے پی ٹی آئی اکاؤنٹس پر سخت وارننگ دے دی

تحریک انصاف کی قیادت سے بھی سوال کیا گیا کہ وہ اس طرح کے تشدد اور انتشار سے کیوں لاتعلقی اختیار نہیں کرتی۔

صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف فوری اور شفاف قانونی کارروائی کی جائے اور حکومت و قانون نافذ کرنے والے ادارے صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

Scroll to Top