لاڑکانہ :گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے آج گڑھی خدا بخش میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ گورنر نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر گورنر نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کی ایک روشن علامت تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کر دی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا شہید بینظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں۔
وہ آج بھی پورے ملک کے عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ان کی زندگی خواتین کے لیے ایک رول ماڈل ہے اور ان کا سیاسی وژن آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ شہید بینظیر بھٹو کی قربانی نے پاکستان میں جمہوریت کو نئی زندگی دی اور ان کے مشن پر پاکستان پیپلزپارٹی آج بھی گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط، جمہوری اور خوشحال ملک بنانے کے لیے یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
شہید بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر ان کے مزار پر آنے والے عقیدت مندوں نے بھی پھول چڑھائے اور دعا کی، جس سے ان کی شخصیت اور جمہوری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : وقت گزر گیا مگر یادیں زندہ ہیں، آج شہید بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی منائی جا رہی ہے
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ گڑھی خدا بخش میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں دس ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار اور دیگر سیاسی رہنما بھی گڑھی خدا بخش پہنچے جہاں انہوں نے شہدا کے مزاروں پر حاضری دی اور خراج عقیدت پیش کیا۔
پیپلز پارٹی کے کارکنان اور جیالوں کی بڑی تعداد ملک کے مختلف حصوں سے گڑھی خدا بخش پہنچ رہی ہے۔ میئر سکھر کی قیادت میں پیدل قافلہ بھی گڑھی خدا بخش کے لیے روانہ ہوا۔





