ڈاکٹر وردہ کیس،پولیس تحقیقات میں اہم پیش رفت

حمد اللہ

ایبٹ آباد پولیس نے ڈاکٹر وردہ اغواء و قتل کیس میں تحقیقات کے دائرہ کو وسیع کرتے ہوئے ہلاک ملزم شمعریز کے گھر سے برآمد ہونے والے اسلحہ و دیگر اشیاء کے سلسلے میں مزید دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار ہونے والے ملزمان میں ہلاک ملزم شمعریز کا بیٹا حسنین  اور فیصل ولد مراد زیب سکنہ لڑی بنوٹہ شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، گرفتار ملزم فیصل ڈاکٹر وردہ کے قتل میں بھی ملوث پایا گیا ہے۔

برآمد شدہ اسلحہ کے حوالے سے ملزمان کی براہ راست ملوث ہونے کی تصدیق کے بعد انہیں مزید تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا۔ پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کو عدالت (ایم او ڈی) میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے دونوں کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شمعریز کے گھر تلاشی کے دوران پہلے سے گرفتار ملزم عادل کی نشاندہی پر پولیس نے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن اور ڈاکٹر وردہ کی زیر استعمال اشیاء برآمد کی تھیں۔ اس کے بعد حسنین اور فیصل کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

پولیس کی جانب سے ملزمان سے مزید اہم انکشافات اور کیس کے دیگر پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔

Scroll to Top