چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی کامیابی ایک سال میں بھارت کو شکست دینا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہمیں ملک کو سیاسی بحران سے نکالنا ہے تاکہ معاشی بحران سے نکل سکیں، صدر زرداری نے بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔
انہوں نے کہاکہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے مفاہمت ناگزیر ہے، اور اس کے لیے سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو سیاسی انتہا پسندی کو چھوڑنا ہوگا۔
بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ 9 مئی جیسے اقدامات اور اداروں کو گالیاں دینا سیاست کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ وفاق کے معاشی مسائل ہمارے مسائل ہیں، اور بحیثیت محب وطن پاکستانی میں چاہوں گا کہ وفاق کی پریشانی دور کروں۔
انہوں نے کہاکہ وفاق صوبوں سے اختیارات لینے کے بجائے مزید ذمہ داریاں دے تاکہ مسائل حل ہو سکیں، ہم مل کر مسائل کا حل نکالیں گے، صوبے ایف بی آر سے بہتر ٹیکس اکٹھا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میں تو اپنے عوام کو بہت سمجھاتا ہوں کہ ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، لیکن لوگ مجھ سے سوال کرتے ہیں کہ اس معاشی ترقی کا فائدہ ہمیں کیوں نہیں ہو رہا۔
بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت کو تجویز دیتے ہوئے کہاکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے جان چھڑا کر یہ ذمہ داری صوبوں کے حوالے کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ذریعے غریبوں کی مدد کررہی ہے، اس کے علاوہ ہم لاکھوں عوام کو مفت گھر بنا کر دے رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے پاس ہی وہ منشور ہے جس پر عمل کرکے عوام کو مشکلات سے نکالا جا سکتا ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ سندھ میں صحت کا بہترین نظام ہے جہاں مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے، اور یہاں 50 فیصد مریض دوسرے صوبوں سے آتے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہماری بات سنتے ہیں، اور ہماری تجویز پر ہی انہوں نے ملک میں زرعی ایمرجنسی کا اعلان کیا۔
چیئرمین پی پی پی نے مزید کہاکہ صدر مملکت آصف زرداری ہی ملک کو سیاسی بحران سے نکال سکتے ہیں، کیوں کہ وہ مفاہمت کے بادشاہ ہیں۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکتت آصف علی زرداری نے کہاکہ ماضی کی ایک حکومت میں معیشت کو تباہ کیا گیا لیکن اب ہم نہ صرف بیرونی دنیا کے ساتھ تعلقات بہتر کررہے ہیں بلکہ معیشت کو بھی بہتری کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔
انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے ہمارے ساتھ ہیں، اور آج ٹرمپ بھی فیلڈ مارشل کی تعریف کرتا ہے۔
آصف زرداری نے کہاکہ ہم نے فوج کا ایسا چیف بنایا جس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، جس کے بعد مودی کو سمجھ آگئی کہ جنگ کوئی کھیل نہیں ہے۔
انہوں نے مودی سرکار کو للکارتے ہوئے کہاکہ بھارت خود کو ہم سے 10 گنا بڑا ملک کہتا ہے لیکن لڑنے کے لیے دل گردہ بھی تو چاہیے، ہم چاہتے تو بھارت کے سارے جہاز گرا سکتے تھے۔
صدر مملکت نے کہاکہ دھرتی ماں کو جب بھی ضرورت پڑی، ہم تن، من، دھن لگانے سے گریز نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہم جنگ کے شوقین نہیں ہیں لیکن جو بھی ہماری دھرتی کی طرف دیکھے گا اسے ہماری فوج ناکوں چنے چبوانے کے لیے تیار ہے۔





