بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے اگلے وزیراعظم ہوں گے، راجہ پرویز اشرف

سابق وزیراعظم اور سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے اگلے وزیراعظم ہوں گے۔

گڑھی خدا بخش میں شہید بےنظیر بھٹو کی برسی پر جلسے سے خطاب میں راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو شہید جرات، بہادری اور قربانی کی ایسی داستان چھوڑ کر گئیں جو آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی تمام صلاحیتیں شہداء کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کرے گی، انہوں نے یاد دلایا کہ بینظیر بھٹو شہید کی شہادت کے دن عوام جذبات پر قابو نہ رکھ سکے تاہم اس نازک وقت میں آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بحران سے نکالا، یہ آصف علی زرداری کی مدبرانہ سیاست کا ثبوت تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج سیاست میں ایسے لوگ موجود ہیں جو صرف حکومت جانے پر ملک اور اداروں کے خلاف زبان استعمال کر رہے ہیں، حتیٰ کہ خود کو فیلڈ مارشل قرار دے کر ملک دشمن بیانیہ اختیار کیا جا رہا ہے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اچھے اور برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، مگر آج محض اقتدار کے خاتمے پر ملک کے خلاف باتیں کی جا رہی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید نے پاکستان اور عوام کی خدمت کے لیے عظیم قربانیاں دیں اور جمہوریت کے لیے ان کی جدوجہد آج بھی زندہ ہے۔

گڑھی خدا بخش عظیم قائدین کی آخری آرام گاہ ہونے کے ساتھ عوام کے دلوں کا مرکز بن چکی ہے، جہاں لوگ دیوانہ وار اپنی قائد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈمارشل سید عاصم منیر کا نام سن کر مودی چھپ جاتاہے، بلاول بھٹو زرداری

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عظیم قائدین صرف یادوں میں نہیں بلکہ قوم کے ضمیر میں زندہ رہتے ہیں، سیاست کسی زمین کے ٹکڑے پر قبضے کا نام نہیں بلکہ عوام کے دلوں پر راج کرنے کا نام ہے اور حقیقی قائد وہی ہوتا ہے جو اقتدار نہیں بلکہ قوم کا مستقبل سنوارتا ہے۔

Scroll to Top