وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ یکم جنوری 2026 سے اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔ یہ اقدام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور شہر میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سیف سٹی ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد کے حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ نے کیپٹل اسمارٹ سٹی کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اسلام آباد جلد پاکستان کا پہلا اسمارٹ سٹی بنے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کے داخلے کی پابندی کا مقصد نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا ہے بلکہ شہر میں جدید نگرانی نظام کے ذریعے امن عامہ کو بھی مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد سیف سٹی کو کیپٹل اسمارٹ سٹی بنانے کے لیے جامع پلان طلب کر لیا۔
اجلاس کے دوران وزیر داخلہ اور وزیر مملکت طلال چودھری نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے ڈیجیٹل وال پر اسلام آباد شہر کی مانیٹرنگ اور نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا اور کنٹرول روم میں اسپیشل چائنیز ڈیسک پر سیکیورٹی سرویلنس کا معائنہ بھی کیا۔
وزیر داخلہ نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف دہشت گردی اور جرائم پر قابو پایا جا سکے گا بلکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی بھی محفوظ اور آسان بنائی جائے گی۔
اس پابندی کے نفاذ کے بعد، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے لیے ضروری ایم ٹیگ حاصل کریں، بصورت دیگر یکم جنوری سے شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔





