عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی، فی بیرل پٹرول 69 ڈالر تک گر گیا، نئے سال میں عوام کے لیے ریلیف کی توقع
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد پٹرول کی فی بیرل قیمت 75 ڈالر 5 سینٹ سے کم ہو کر 69 ڈالر 73 سینٹ ریکارڈ کی گئی ہے، یعنی فی بیرل پٹرول کی قیمت میں 5 ڈالر 32 سینٹ کی کمی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 1 روپے 48 پیسے اور کسٹم ڈیوٹی میں 71 پیسے کمی دیکھی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں پٹرول کی فی لیٹر ایکس ریفائنری قیمت 145 روپے 66 پیسے ریکارڈ کی گئی، جبکہ 15 دسمبر کو یہ قیمت 156 روپے 66 پیسے تھی، یعنی ایکس ریفائنری قیمت میں 11 روپے کمی ہوئی ہے۔
اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈیزل کی فی بیرل قیمت 84 ڈالر 27 سینٹ سے کم ہو کر 79 ڈالر 92 سینٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈیزل پر کسٹم ڈیوٹی میں 1 روپے 76 پیسے کمی کی گئی۔ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 164 روپے 92 پیسے سے کم ہو کر 155 روپے 35 پیسے پر آ گئی، یعنی 9 روپے 57 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کے پیش نظر، پاکستان میں نئے سال کے آغاز پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع ہے۔ اوگرا 31 دسمبر کو ورکنگ ریٹ حکومت کو بھجوائے گی، جس کے بعد حکومت ریونیو ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کرے گی۔ حکومت کو ٹیکسز اور لیوی کے نفاذ کا اختیار حاصل ہے، جس سے صارفین کو نئی قیمتوں کے حوالے سے سہولت یا چیلنجز سامنے آ سکتے ہیں۔
پاکستانی صارفین کے لیے یہ ممکنہ کمی خوش آئند ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ نئے سال کے آغاز پر ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروریات کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔





