پاکستان میں سب سے مظلوم طبقہ سیاست دان ہے، غلام احمد بلور

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ مظلوم طبقہ سیاست دانوں کا ہے، جنہوں نے ملک و قوم کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں

پشاور میں شہید بشیر احمد بلور کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ قوم، ملک اور وطن کے لیے شہید ہونے والے کبھی مرتے نہیں بلکہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی میں ڈرانے کی کوشش کی گئی مگر جو ہمیں ختم کرنے آئے تھے وہ خود ختم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے شہید بشیر بلور کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بشیر بلور ایک نڈر، بہادر اور بااصول انسان تھے جو ہمیشہ اپنی قوم اور عوام کی بھلائی کے بارے میں سوچتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بشیر بلور باچا خان اور ولی خان کے نظریاتی سپاہیوں میں شامل تھے۔

غلام احمد بلور نے کہا کہ اے این پی کے امیدواروں کو انتخابی مہم سے قبل گھروں تک محدود رکھا گیا، لیکن اس کے باوجود پارٹی نے جمہوری جدوجہد ترک نہیں کی۔

انہوں نے اپنے اوپر ہونے والے حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک دھماکے میں ان کے ڈرائیور اور گن مین سمیت 19 افراد شہید ہوئے، جنہیں وہ سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلور خاندان پر تین خودکش حملے ہوئے جو پاکستان کی تاریخ میں کسی ایک خاندان پر ہونے والے سب سے بڑے حملوں میں شمار ہوتے ہیں۔

غلام احمد بلور نے مزید کہا کہ ان کا بیٹا شبیر بلور 30 سال کی عمر میں شہید کیا گیا جبکہ ان کے بھائی بشیر بلور اور بیٹے ہارون بلور بھی خودکش حملوں میں شہید ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت 14 سال میں امن و روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہی، آفتاب شیرپاؤ

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لیاقت علی خان، حسین شہید سہروردی، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو بھی شہید کیا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوامی نمائندوں نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔

غلام احمد بلور نے کہا کہ وہ ان لوگوں سے کہنا چاہتے ہیں جو خود کو طاقتور سمجھتے ہیں کہ تم ریٹائرڈ ہو جاؤ گے اور تمہیں کوئی یاد نہیں رکھے گا، کیونکہ تم قوم کے حقیقی نمائندے نہیں ہو۔

Scroll to Top