لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق بندش کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
موٹروے پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق موٹروے ایم-2 ٹھوکر نیاز بیگ سے للہ تک ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ بڑی گاڑیوں کے لیے لاہور سے کوٹ مومن تک کا حصہ بھی دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم-3 فیض پور سے سمندری تک بند ہے، جب کہ بعض مقامات پر فیض پور سے جڑانوالہ تک آمد و رفت معطل ہے۔
موٹروے ایم-4 پر بھی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک ہر قسم کی ٹریفک بند کر دی گئی ہے، جبکہ فیصل آباد سے عبدالحکیم تک کا حصہ بڑی گاڑیوں کے لیے بند ہے۔
اس کے علاوہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم-11 کو بھی لاہور سے سمبڑیال تک شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔
دُھند کے باعث:
ایم-2: ٹھوکر نیاز بیگ سے للہ تک بند ہے۔
ایم-3: فیض پور سے سمندری تک بند ہے۔
ایم-4: پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک بند ہے۔
ایم-4: فیصل آباد سے عبد الحکیم تک بڑی گاڑیوں کے لئے بند ہے۔
ایم-11: لاہور سے سمبڑیال تک بند یے۔— National Highways & Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) December 28, 2025
ترجمان موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کا کہنا ہے کہ صبح کے اوقات میں دھند کی شدت کے باعث حدِ نگاہ نہ ہونے کے برابر ہو جاتی ہے، جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
اسی پیشِ نظر موٹرویز کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور حتی الامکان دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔
یہ بھی پڑھیں : 2023 میں فوج کی جعلی وردی پہن کر چرس اسمگل کرنے والے ملزم کا اعترافی بیان سوشل میڈیا پر وائرل
ڈرائیور حضرات کو فوگ لائٹس کے استعمال، تیز رفتاری سے گریز آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنے اور لین کی پابندی کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ کسی بھی رہنمائی یا مدد کے لیے شہری موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق دھند کی صورتحال بہتر ہوتے ہی موٹرویز کو مرحلہ وار ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔





