پشاور کے علاقے داؤدزئی میں مبینہ پولیس مقابلہ، بدنام زمانہ 5 ٹارگٹ کلرز ہلاک

پشاور: پشاور کے نواحی علاقے داؤدزئی میں پولیس کی پیشہ ورانہ کارروائی کے دوران بدنام زمانہ نجم الحسن عرف پینے گروپ کے 5 خطرناک ٹارگٹ کلرز ہلاک ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک شدہ ملزمان متعدد سنگین جرائم میں ملوث تھے اور پولیس، سیاسی و سماجی شخصیات کو نشانہ بنانے والے نیٹ ورک کا حصہ تھے۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق نجم الحسن گروپ کے ارکان نے اب تک 30 سے زائد پولیس اہلکاروں اور سیاسی و سماجی شخصیات کو ٹارگٹ کیا تھا۔

اس گروپ میں انتہائی خطرناک اشتہاری بلال اور نجم الحسن شامل تھے، جو پہلے شہر رحمان اور شاہ پور میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران تمام اہلکاروں نے جرات مندی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں گروپ کے تمام مرکزی افراد ہلاک ہو گئے اور ان کا نیٹ ورک مکمل طور پر ختم ہو گیا۔

ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ گروپ مختلف اضلاع میں پولیس اور دیگر شخصیات کو نشانہ بناتا رہا، لیکن اب اس کا قلع قمع کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں مسلسل فائرنگ سے خوف و ہراس کی خبر فیک نکلی

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی اور اضافی نفری بھی موقع پر روانہ کی تاکہ کسی بھی فرار ہونے والے رکن کو گرفتار کیا جا سکے۔

سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے کہا کہ تمام راستوں کی ناکہ بندی کی گئی اور کسی کو فرار نہیں ہونے دیا گیا۔

پشاور پولیس کے مطابق یہ کارروائی ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عوام کے تحفظ کے لیے مسلسل کوششوں کا عملی مظاہرہ ہے۔

Scroll to Top