آج سے ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ شروع، پہاڑوں پر برفباری کے امکانات

پاکستان کے مختلف شہروں میں موسمی تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔

موسمیاتی ادارے نے شدید سردی کے ساتھ پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث الرٹ جاری کیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے یکم جنوری تک خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بارش کے امکانات ہیں۔ خاص طور پر کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش کا امکان ہے، جبکہ قلعہ سیف اللہ، نوشکی، چاغی، ہرنائی، بارکھان، سبی اور لورالائی میں بھی بارش متوقع ہے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج سے 2 جنوری تک بادل برسنے کا امکان ہے۔ لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی بارش متوقع ہے۔ کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش 30 دسمبر کو ہونے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ موسیٰ خیل، دکی، گوادر، حب، لسبیلہ، کیچ، آواران اور پنجگور میں بھی بارش کی توقع ہے۔

خضدار، قلات، مستونگ، کچھی اور واشک میں بھی بارش متوقع ہے۔ خاران، سوراب، ژوب اور شیرانی میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شفاف الیکشن کے بغیر ملک میں معیشت اور امن و امان نہیں ہو سکتا، مولانا عبدالغفور حیدری

اس دوران کوئٹہ، زیارت، قلات، پشین اور شمالی اضلاع کے پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے اور پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خطرناک پہاڑی علاقوں میں محتاط رہیں اور موسمیاتی الرٹس پر عمل کریں۔

Scroll to Top