بھارتی رویے پر آئی سی سی کو خط، پی سی بی کا سخت مؤقف سامنے آگیا

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ جو بھی معاملہ ہوگا وہ برابری کی سطح پر ہوگا، اگر بھارتی ٹیم ہینڈ شیک نہیں کرنا چاہتی تو ہمیں بھی اس کا کوئی شوق نہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارتی انڈر 19 ٹیم کے غیر مناسب رویے پر آئی سی سی سے بات کی جائے گی اور اس حوالے سے باضابطہ طور پر خط لکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان میں اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ ضروری ہے اور کسی بھی قسم کے غیر پیشہ ورانہ رویے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

محسن نقوی نے اعلان کیا کہ پاکستان سپر لیگ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کو برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا آغاز 26 مارچ کے بجائے 23 مارچ سے کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، جس کا حتمی فیصلہ تمام فرنچائزز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پی ایس ایل کے اختتام کے بعد ملتان سلطانز کی نیلامی کی جائے گی، جبکہ رواں سال یہ ٹیم پی سی بی خود آپریٹ کرے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے لیے 10 پارٹیز کوالیفائی کر چکی ہیں اور ٹیموں کی بڈنگ 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : آج سے ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ شروع، پہاڑوں پر برفباری کے امکانات

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جنوری کا مہینہ پی سی بی کے لیے انتہائی اہم ہے اور توقع ہے کہ ٹیمیں اچھی قیمت پر فروخت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس ایونٹس کی بہتر کوریج کے لیے وہ وزیر اطلاعات سے بھی درخواست کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ اکیڈمی کو خطے کی بہترین اکیڈمی بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے جبکہ پاکستان شاہینز کو مزید مضبوط بنانے پر بھی کام جاری ہے۔

ریڈ بال کوچ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس پر ابھی غور جاری ہے اور جلد فیصلہ کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے فی الحال تین ٹی ٹوئنٹی میچز ہی شیڈول کیے گئے ہیں۔

Scroll to Top