پشاور، رورل ہیلتھ سینٹر میں زچگی اور نوزائیدہ بچوں کے نئے یونٹ کا افتتاح

پشاور: وزیرِ صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمان نے پیر کے روز پشاور کے رورل ہیلتھ سینٹر پُتوَر بالا کا دورہ کیا اور بنیادی ہنگامی زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت کے یونٹ اور نئے بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر شاہین آفریدی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

نئے یونٹ کی تعمیر سے حمل، زچگی اور بعد از زچگی میں پیش آنے والی پیچیدگیوں سے نمٹنے کے لیے جان بچانے والی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

منصوبے کی توسیع ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ خیبر پختونخوا کے تعاون سے مکمل کی جا رہی ہے، جس سے صحت کے مختلف یونٹس کے لیے اضافی جگہ میسر آئے گی اور مقامی آبادی کو بہتر طبی سہولیات فراہم ہوں گی۔

وزیرِ صحت نے دورے کے دوران سینٹر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، جن میں لیبارٹری، ایکس رے روم اور مائنر آپریشن تھیٹر شامل ہیں۔

انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ مریضوں کے لیے ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور بنیادی سطح کے صحت مراکز میں کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہ کیا جائے۔

خلیق الرحمان نے کہا کہ نئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بھرتی کا عمل تیز کیا جائے تاکہ تمام بنیادی صحت مراکز میں مطلوبہ افرادی قوت میسر ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضروری طبی آلات کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ہائر ایجوکیشن میں اصلاحات،قائمہ کمیٹی نے اہم فیصلے کیے

صوبائی وزیرِ صحت نے کہا کہ صوبائی حکومت بنیادی سطح پر صحت کے نظام میں اصلاحات اور بہتری پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

ان اصلاحات سے اضلاع میں بنیادی صحت کی سہولیات دستیاب ہوں گی، مستحق مریضوں کو بروقت علاج میسر آئے گا اور بڑے ہسپتالوں پر دباؤ کم ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نئے بڑے ہسپتال قائم کرنے کے اقدامات جاری ہیں تاکہ پشاور کے سرکاری ہسپتالوں میں بڑھتے ہوئے رش کو کنٹرول کیا جا سکے۔

خلیق الرحمان نے توقع ظاہر کی کہ آنے والی ہیلتھ پالیسی سے صوبے کے عوام کو جلد صحت کے شعبے میں مثبت تبدیلیاں محسوس ہوں گی۔

Scroll to Top