اہم ملاقات ! خیبرپختونخوا میں امن و امان پر تفصیلی مشاورت، ہر ممکن وفاقی تعاون کی یقین دہانی ،مزید کیا اہم فیصلے زیر غور آئے؟
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ یہ یقین دہانی اسلام آباد میں ہونے والی ایک اہم ملاقات کے دوران کرائی گئی، جس میں خیبرپختونخوا کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز، بالخصوص سرحدی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال، جاری سکیورٹی اقدامات اور خوارجیوں کے خلاف کیے جانے والے آپریشنز سے وفاقی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان قریبی رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیامِ امن وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر سطح پر مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر داخلہ کی یقین دہانی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون نہایت اہم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام اداروں کے درمیان مربوط اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔





