خیبرپختونخوا میں ہلکی بارش اور بوندا باندی، سردی میں اضافہ

پشاور: پشاور اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث موسم سرد اور غیر معمولی طور پر خوشگوار ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں صبح سے آسمان پر کالے بادل چھائے ہوئے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں سرد ہوا کے ساتھ بارش جاری ہے۔

محکمہ نے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور بٹگرام میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

اسی طرح مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم، وزیرستان اور بنوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصد رہا۔

دیر میں درجہ حرارت صفر، چترال میں 3 ڈگری، مالم جبہ میں منفی 1 اور سیدو شریف میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ایبٹ آباد میں درجہ حرارت 4، ڈیرہ اور بنوں میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

یہ بھی پڑھیں : ملاقات کی بھیک میں اپنوں کا بھی ہاتھ ہے، تحریک اپنی جگہ مگر مذاکرات کا کوئی متبادل نہیں: بیرسٹر گوہر

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سرد موسم کے دوران گرم کپڑے پہننے کی ہدایت کی ہے۔

بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو ممکنہ مشکلات سے آگاہ رہنے کا بھی کہا گیا ہے۔

Scroll to Top