پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں نئے خوابوں، نئی امیدوں اور نئے عزم کے ساتھ سال 2026 کا آغاز ہو گیا ہے، جس کا ملک بھر میں بھرپور اور پرجوش انداز میں استقبال کیا گیا۔
مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کے مظاہرے کیے گئے اور آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا، جبکہ شہریوں نے خوشی اور جوش و خروش کے ساتھ سالِ نو کو خوش آمدید کہا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں نئے سال کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ لاہور کے علاقے لبرٹی اور لبرٹی چوک میں پنجاب حکومت کی جانب سے شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جسے دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔ مختلف مقامات پر جشن کا سماں رہا، تاہم بعض علاقوں میں ٹریفک کے دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
شہر قائد کراچی میں بھی نئے سال کے موقع پر آتش بازی کے شاندار مناظر دیکھنے میں آئے، تاہم پابندی کے باوجود شہر کے بعض علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کراچی اور حیدرآباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، اسلحہ لے کر چلنے اور اس کی نمائش پر پابندی عائد ہے، جبکہ آتش بازی صرف مخصوص اجازت یافتہ مقامات تک محدود رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی
دوسری جانب پارک ویو سٹی اسلام آباد میں بھی نئے سال کا جشن بھرپور انداز میں منایا گیا۔ جھیل کے کنارے رنگا رنگ میلے کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں نے میوزیکل کنسرٹ سے لطف اٹھایا۔
جشن کے اختتام پر شاندار آتش بازی کی گئی جس سے آسمان رنگوں سے بھر گیا۔ شرکاء نے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کا اہتمام کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔
2025 کو الوداع اور 2026 کو خوش آمدید کہتے ہوئے شہریوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیا سال ملک کے لیے خیر، امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گا۔
عوام نے ارضِ پاک کی سلامتی، ترقی، استحکام اور خوشحال مستقبل کے لیے دعائیں کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ نفرتوں اور کدورتوں کو ختم کر کے سب مل کر پاکستان کو مزید مضبوط اور عظیم بنانے کے لیے کردار ادا کریں گے۔





