شہزاد نوید
سوات: تحصیل تلیگرام میں شادی کی خوشیاں اس وقت ماتم میں بدل گئیں جب موٹرسائیکل حادثے میں نوجوان معاذ جاں بحق ہو گیا۔
افسوسناک واقعہ تلیگرام کے گاؤں کڑے سر میں پیش آیا، جہاں چودہ جنوری کو دلہا بننے والا نوجوان ایک حادثے کا شکار ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق معاذ کی شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں اور گھر میں خوشی کا سماں تھا، اور اہلِ خانہ نئے سال کی خوشیوں کے ساتھ دلہا کی زندگی کی خوشیوں کا جشن منا رہے تھے، تاہم حادثے کی خبر ملتے ہی فضا سوگوار ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ موٹرسائیکل حادثے کے بعد نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
جوں ہی معاذ کی لاش گھر پہنچائی گئی تو اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا اور گھر میں کہرام مچ گیا۔ خوشیوں سے سجا گھر دیکھتے ہی دیکھتے سوگ میں بدل گیا، جبکہ علاقے میں بھی غم اور افسوس کی فضا قائم ہو گئی۔
مقامی افراد کے مطابق معاذ نہایت خوش اخلاق اور ملنسار نوجوان تھا، جس کی اچانک موت پر اہلِ علاقہ شدید رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی کیفیت ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نئے خواب، نیا سال، نئی امیدیں: شاندار آتش بازی کے ساتھ 2026 کا پرجوش آغاز
اہلِ علاقہ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
نئے سال کے آغاز پر یہ حادثہ ملک میں خوشیوں کے درمیان ایک المناک خبر کے طور پر سامنے آیا، اور اہلِ علاقہ نے دعا کی کہ سال 2026 ارضِ پاک کے لیے خیر، امن اور خوشحالی لے کر آئے، جبکہ ایسے حادثات سے سبق لیتے ہوئے ہر فرد احتیاط اور حفاظت کے اصول اپنائے۔





