مردان،دیر کے رہائشی کی پولیس تھانے میں مبینہ خود سوزی،لواحقین کا احتجاج

اخونزادہ فضل حق

مردان کےتھانہ صدر میں پٹرول چھڑک کر خودسوزی کرنے والا دیر کا رہائشی شاہد علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں انتقال کر گیا۔

واقعے کے خلاف دیر قومی موومنٹ اور مرحوم کے لواحقین نے تھانہ صدر کے باہر لاش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار پر شاہد علی نے تھانے کے رپورٹنگ روم میں خود پر پٹرول چھڑک کر خودسوزی کی۔

لواحقین کے مطابق مرحوم کا اپنے ایک رشتہ دار کے ساتھ موٹر کار کا تنازعہ چل رہا تھا، تاہم پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ مظاہرین نے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

بعد ازاں ایس پی انویسٹیگیشن نثار احمد کی جانب سے واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔

Scroll to Top