وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کوہاٹ میں حال ہی میں دریافت ہونے والے تیل و گیس کے ذخیرے پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملکی توانائی وسائل کی دریافت اور ترقی قومی معاشی استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے تیل و گیس کی درآمد اور مقامی استعمال سے متعلق پوری سپلائی چین کو ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹل بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔
اس موقعے پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ضلع کوہاٹ کے نشپا بلاک میں تیل اور گیس کے اہم نئے ذخائر دریافت کیے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ان نئے ذخائر سے یومیہ تقریباً 4 ہزار 100 بیرل تیل حاصل ہونے کی توقع ہے۔
وزیراعظم نے اس بڑی دریافت پر قوم کو مبارکباد دی اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں : این سی سی آئی اے کی ہری پور میں بڑی کارروائی
اجلاس میں وزیراعظم کو پٹرولیم اور گیس کے شعبے کے لیے تیار کردہ جامع روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیل و گیس کی سپلائی چین کی ڈیجیٹائزیشن سے اسمگلنگ کی مؤثر روک تھام ممکن ہو سکے گی جس کا براہ راست فائدہ قومی خزانے کو پہنچے گا۔
فراہم اعلیٰ سطحی اجلاس کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ موجودہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گزشتہ سال کے مقابلے میں گیس کے دباؤ میں بہتری کا سامنا رہا۔
حکام نے بتایا کہ آر ایل این جی کنکشنز پر کام تیزی سے جاری ہے اور جون 2026 تک 3 لاکھ 50 ہزار نئے کنکشنز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ شیوا اور بتانی گیس فیلڈز کی پائپ لائنز فعال کر دی گئی ہیں جبکہ کوٹ پالک گیس فیلڈ سے پائپ لائن پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔





