واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کا کریڈٹ پوری قیادت کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاک امریکا تعلقات میں نمایاں بہتری آئی اور جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کو جو مقام ملا، وہ پہلے کبھی حاصل نہیں ہوا۔ اس کامیابی نے پاکستان کے عالمی وقار کو بلند کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بین الاقوامی سلامتی کے لیے پاکستان نے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ خود سفارتکاری کے عمل میں ایک مشیر کے طور پر کام کر رہے ہیں اور موجودہ دور میں میڈیا کا کردار بھی بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں پاکستان کی سفارتکاری کامیابی سے جاری ہے اور اس عمل میں میڈیا بھی شراکت دار ہے۔
رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ پاک امریکا شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں مہنگائی کے خلاف احتجاج چھٹے روز بھی جاری، سکول اور دفاتر بند
انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے حساس خطے میں واقع ہے اور امریکا کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کے نتیجے میں دونوں ممالک نے مختلف عالمی چیلنجز میں تعاون کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتکاری نے عالمی سطح پر ملک کے موقف کو مضبوط کیا ہے اور آئندہ بھی پاکستان کی خارجہ پالیسی بین الاقوامی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کوششیں کرے گی۔





