اسلام آباڈ : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ تین روز کے دوران پنجاب، سندھ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں اور ساہیوال میں شدید دھند چھانے کا امکان ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ نمایاں طور پر کم ہو سکتی ہے۔
اسی طرح پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، وہاڑی اور اوکاڑہ میں بھی شدید دھند متوقع ہے۔ سندھ کے بالائی علاقوں، خصوصاً سکھر اور گردونواح میں دھند کی شدت کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رات اور علی الصبح شدید دھند پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ڈرائیورز کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ:
رفتار کم رکھیں
فوگ لائٹس کا استعمال کریں
گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں
یہ بھی پڑھیں : پاک، سعودی عرب: تعلقات مضبوط کرنے اور خطے میں امن کے لیے یکساں موقف
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے سے ٹریفک حادثات کے امکانات بڑھ سکتے ہیں، اس لیے پیشگی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے اور متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات دی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہری موسم اور ٹریفک سے متعلق جاری ہدایات پر عمل کریں اور ہر صورت احتیاطی تدابیر کو ترجیح دیں تاکہ زندگی اور املاک کے نقصان سے بچا جا سکے۔





