پاکستان میں پاسپورٹ اجرا میں ریکارڈ اضافہ

اسلام آباد: پاکستان میں سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 5.5 ملین سے زائد پاسپورٹس جاری کیے گئے، جو ملک میں پاسپورٹ خدمات کی کارکردگی اور معیار میں نمایاں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق جاری کیے گئے پاسپورٹس میں 3.2 ملین نارمل، 1.8 ملین ارجنٹ اور 276,000 فاسٹ ٹریک سروس کے تحت فراہم کیے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہریوں میں الیکٹرانک پاسپورٹس کی جانب رجحان میں اضافہ ہوا، جس کے باعث بڑی تعداد میں درخواست دہندگان نے روایتی پاسپورٹس کے بجائے جدید سہولت کو ترجیح دی۔

محکمے کے مطابق یہ پیش رفت ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس کی سربراہی میں کی گئی اصلاحات کا نتیجہ ہے، جو وزیرِاعظم شہباز شریف اور وزیرِداخلہ محسن نقوی کی ہدایات کے تحت نافذ کی گئی۔

جدید پرنٹنگ مشینوں کی تنصیب کے ذریعے پاسپورٹ درخواستوں کے طویل عرصے سے موجود بیک لاگ کو ختم کر دیا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پہلی بار 24/7 پاسپورٹ پروسیسنگ اور ڈیلیوری سروس متعارف کرائی گئی، جس کے تحت شہری کسی بھی وقت پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں دھند کتنے دنوں تک رہے گی؟ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

اس کے علاوہ پاسپورٹ ہیڈکوارٹرز اور مختلف علاقائی دفاتر کی تزئین و آرائش بھی مکمل کی گئی، جس سے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

سال 2025 میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی خدمات میں اضافہ کیا گیا۔ پاکستان کے سفارت خانوں میں ون ونڈو سروس کے آغاز سے پاسپورٹ سے متعلق امور کو آسان بنایا گیا، جبکہ بہتر سیکیورٹی خصوصیات کے حامل نئے پاسپورٹ بُک کی تیاری اور ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر و کاؤنٹرز کے دائرہ کار میں توسیع بھی کی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے کہا کہ یہ اقدامات شہریوں کے لیے سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں اور پاکستان کی پاسپورٹ سروسز کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

Scroll to Top