سندھ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے متوقع دورۂ سندھ کے حوالے سے رابطہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے سندھ دورے کے حوالے سے سندھ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ نے پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ سے رابطہ کیا اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو صوبے میں خوش آمدید کہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ناصر حسین شاہ نے حلیم عادل شیخ کو آگاہ کیا کہ سہیل آفریدی کو ان کے عہدے کے مطابق مکمل پروٹوکول فراہم کیا جائے گا اور جو صورتحال پنجاب میں پیش آئی تھی، وہ سندھ میں دہرائی نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا بھی یہی فیصلہ ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ناصر حسین شاہ سے ہونے والے رابطے کی تصدیق کی اور سندھ حکومت کا پیغام وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی تک پہنچا دیا۔
سہیل آفریدی نے اپنے ردعمل میں سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صوبے میں کسی اضافی پروٹوکول کی ضرورت نہیں، بس آئین کے مطابق سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے اور اپنے لوگوں سے ملاقات کا حق فراہم کیا جائے۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی ایک تقریب کے دوران پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو قانون کے مطابق پروٹوکول فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ رابطہ دونوں صوبوں میں سیاسی تعلقات کو بہتر کرنے کی ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں سہیل آفریدی کے سندھ دورے کے دوران سیاسی ماحول پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔





