وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا زمونگ کور کا دورہ، یتیم بچوں کے مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کیے

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے قائم زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ کا اچانک دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی نے زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ کے بچوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری طور پر ان کے حل کے احکامات جاری کیے۔

وزیراعلیٰ نے بچوں سے تعلیم سے متعلق سوالات کیے اور اچھی کارکردگی دکھانے والے بچوں کو شاباشی دی، انہوں نے کلاس رومز میں کیمروں کی تنصیب اور درکار اساتذہ کی فوری فراہمی کے لیے بھی ہدایات جاری کیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بچوں کے لیے ایک مؤثر کمپلینٹ سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور اعلان کیا کہ زمونگ کور کے نجی کالجز میں زیرِ تعلیم بچوں کی فیس حکومت ادا کرے گی۔

انسٹیٹیوٹ کے اکاؤنٹس سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے اور کالجز اور سپورٹس اکیڈمیز جانے والے بچوں کے لیے ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے کے احکامات بھی دیے گئے۔

وزیراعلیٰ نے انسٹیٹیوٹ کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا، بچوں کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار کا جائزہ لیا اور زمونگ کور گرلز کیمپس کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے گزشتہ دورے کے دوران دیے گئے احکامات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی دیکھ بھال حکومت کی آئینی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ زمونگ کور انسٹیٹیوٹس عمران خان کے احساس وژن کے تحت قائم کیے گئے ہیں اور انہیں اسی روح کے مطابق چلایا جائے گا۔

محمد سہیل خان آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زمونگ کور کے تمام معاملات کی وہ بذاتِ خود نگرانی کریں گے تاکہ بچوں کے لیے بہترین تعلیمی اور سماجی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Scroll to Top