وینزویلا کے صدر کو نیویارک پہنچا دیا گیا، آج عدالت میں پیش کیا جائے گا

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو طیارے کے ذریعے نیویارک پہنچا دیا گیا، آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو لے کر خصوصی طیارہ نیویارک پہنچا یا گیا ، یہ طیارہ گوانتانامو سے اڑ کر سٹیورٹ ایئرپورٹ پر اترا، جہاں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے۔

صدر مادورو کو امریکی ایف بی آئی کے اہلکار اپنے ہمراہ لائے ہیں، ان کو آج نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے ایئرپورٹ اور اس کے اطراف میں اضافی اقدامات کیے ہیں تاکہ کسی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وینزویلا کے انتظامی معاملات اب امریکا کی نگرانی میں چلائے جائیں گے۔

وینزویلا پر حالیہ امریکی حملے کے بعد ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو ان کی اہلیہ کے ہمراہ رات کے اندھیرے میں گرفتار کیا گیا ہے اور دونوں کو امریکی انصاف کا سامنا کرنا ہوگا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی کارروائی دنیا نے پہلے کبھی نہیں دیکھی، حتیٰ کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد بھی ایسا حملہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے اس سے قبل ایران کی جوہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا اور آپریشن ہیمر کے ذریعے اس کی جوہری صلاحیت کو ختم کیا گیا۔

نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے وینزویلا پر حملے کو جنگ اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیویارک کے میئر کا وینزویلا پر امریکی کارروائی پر سخت ردِعمل

نیویارک کے میئر زوہران کوامی ممدانی نے وینزویلا کے خلاف امریکی کارروائی پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اسے ایک خودمختار ملک پر یکطرفہ حملہ قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی خودمختار ریاست پر اس نوعیت کی کارروائی جنگ کے مترادف ہوتی ہے اور یہ وفاقی و بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

Scroll to Top