پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے جو صدیوں یاد رکھے گا، خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ صدیوں تک یاد رکھے گا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی شکست کے بعد شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، مودی حکومت کی ناکامیوں کے بعد بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا ہے کہ گجرات میں مسلمانوں کے ہزاروں گھروں کو جلایا گیا جبکہ بھارت میں سکھ برادری کے ساتھ بھی کئی دہائیوں سے بدترین سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب بھارت میں مسیحی برادری کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور کرسمس کے موقع پر مسیحیوں کی عبادت گاہوں پر حملے کیے گئے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کا اصل چہرہ اب دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور امید ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ مسیحی برادری کو نشانہ بنانے پر ردعمل دے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں مذہبی جنونیت پر مبنی حکومت قائم ہے جو مسلمانوں، سکھوں اور مسیحیوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت ڈیڑھ ارب آبادی کا ملک ہونے کے باوجود اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے اور مودی دورِ حکومت میں اقلیتوں پر تشدد کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوتوا سوچ اور انتہاپسندی عالمی برادری کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم تیار ہیں، مگر پی ٹی آئی نے ہر پیشکش مسترد کر دی، خواجہ آصف کا سخت ردعمل سامنے آ گیا

وزیر دفاع نے پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش میں بھی اقلیتیں موجود ہیں اور یہاں تمام برادریاں محفوظ ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کو برابری کی بنیاد پر مکمل تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جو قومیں تباہی کی طرف جا رہی ہوتی ہیں وہ ایسے ہی رویے اپناتی ہیں، اور بھارت کی موجودہ پالیسیاں اسی کی عکاسی کر رہی ہیں۔

Scroll to Top