پاکستان میں کتنے فیصد گھرانوں کو اسمارٹ فون تک رسائی حاصل ہے؟ اعدادوشمار سامنے آ گئے

پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی اور انٹرنیٹ کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب ملک کے 96 فیصد سے زائد گھرانے موبائل یا اسمارٹ فون تک رسائی رکھتے ہیں۔

پاکستان بیورو آف شماریات کے جاری کیے گئے تازہ سروے کے مطابق ملک بھر میں موبائل فون استعمال کرنے والے افراد کی شرح 92 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور شہری علاقوں میں خواتین انٹرنیٹ کے استعمال میں مردوں سے آگے ہیں۔

سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ انٹرنیٹ کے استعمال میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، سال 2025 میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 57 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ سال 2019 میں یہ صرف 17 فیصد تھی۔

مجموعی طور پر خواتین اور مردوں میں انٹرنیٹ کے استعمال میں برابری دیکھنے میں آئی ہے اور انفرادی سطح پر موبائل یا اسمارٹ فون کی ملکیت 50 فیصد ہو گئی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق اب 70 فیصد سے زائد گھرانے انٹرنیٹ خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ سال 2019 میں یہ شرح محض 34 فیصد تھی۔

گھریلو سطح پر ڈیجیٹل رسائی میں صوبہ خیبر پختونخواہ سب سے آگے ہے اور یہ کامیابی حکومت پاکستان اور ریگولیٹر کے لیے باعث فخر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل آسان اقساط پر ، حکومت کا اہم اعلان

سروے میں یہ بھی ظاہر ہوا کہ عوام میں ڈیجیٹل شعور میں اضافہ ہوا ہے، آن لائن دنیا میں محفوظ طرزِ استعمال کو اپنانے کی رجحان نمایاں ہے اور ڈیجیٹل صلاحیتوں میں واضح بہتری دیکھی گئی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے پاکستان بیورو آف شماریات کے اس سروے کے نتائج کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے ملک کی ڈیجیٹل ترقی کی اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

Scroll to Top