لکی مروت: پولیس کے مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن، 3 خطرناک دہشتگرد مارے گئے

لکی مروت: انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات کے تحت صوبے میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، اور اس سلسلے میں لکی مروت کے علاقے پردل بیگوخیل میں ایک کامیاب ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران 3 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق اس آپریشن میں پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے مل کر حصہ لیا۔

ہلاک ہونے والے دہشتگردوں نے ماضی میں پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر حملوں میں حصہ لیا تھا اور مختلف ٹارگٹ کلنگ واقعات میں ملوث تھے۔

رپورٹس کے مطابق محکمہ انسداد دہشتگردی کو اطلاع ملی تھی کہ مطلوب دہشتگرد سرائے نورنگ کے علاقے میں داخل ہو کر خطرناک کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

فوری کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی بنوں کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم اور مقامی پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا۔

پولیس کے پہنچنے پر دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کر دی، تاہم پولیس کی بہادر ٹیموں نے انہیں بچنے کا موقع دیے بغیر ہلاک کر دیا۔

ہلاک دہشتگردوں کی شناخت محمد نزیر عرف مجاہد، فواد اللہ عرف معاذ اور افنان خان عرف افنانی کے نام سے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی صرف اپنی ذات سوچتے ہیں، مفاہمت کا کوئی ایجنڈا نہیں، خواجہ آصف

پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، دو 9 ایم ایم پستول، 2 موبائل فونز اور کالعدم تنظیم کے کارڈز برآمد ہوئے۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اس کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی ٹیم اور مقامی پولیس کو سراہا اور کہا کہ صوبے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مزید ٹارگٹڈ آپریشنز کو تیز کیا جائے گا تاکہ عوام کی حفاظت اور امن و امان کا قیام یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top