پاکستانی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا دوسرا گروپ کولمبو پہنچ گیا

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے سلسلے میں قومی ٹیم کا دوسرا گروپ کولمبو پہنچ گیا ہے۔

دوسرے گروپ میں کپتان سلمان علی آغا، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، صائم ایوب، ابرار احمد، عبدالصمد اور خواجہ نافع شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بیٹنگ کوچ محمد حنیف اور سپورٹ اسٹاف کے دیگر ارکان بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں۔

ٹیم انتظامیہ کے مطابق کپتان سلمان علی آغا آج مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے پریس کانفرنس کریں گے، جبکہ قومی ٹیم آج ہی رات 8 بجے پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی تاکہ سیریز سے قبل بھرپور تیاری کی جا سکے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 7 جنوری سے ہوگا، جس کے لیے دونوں ٹیمیں کولمبو میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ خطے میں کرکٹ سے متعلق حالیہ پیش رفت کے تحت بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ بنگلادیش نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیلی کاسٹ پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا پہلا گروپ کولمبو پہنچ گیا، دیگر کھلاڑی آج روانہ ہوں گے

قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا چار کھلاڑیوں پر مشتمل پہلا گروپ کولمبو پہنچ گیا ہے، جہاں ٹیم آئندہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔

پہلے گروپ میں شاداب خان، رانا فہیم اشرف، وسیم جونیئر اور سلمان مرزا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، باؤلنگ کوچ ایشلے نوفکی، فیلڈنگ کوچ اور سپورٹ اسٹاف کے دیگر ارکان بھی کولمبو پہنچ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف کے ارکان آج سہ پہر لاہور سے کولمبو کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں مکمل اسکواڈ اکٹھا ہو کر ٹورنامنٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، تاہم پاکستانی ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔

دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔

Scroll to Top