پاکستان میں ہونڈا سی جی 125 کا 2026 ماڈل صارفین کے لیے مارکیٹ میں دستیاب ہو گیا ہے جس کی قیمت 2 لاکھ 38 ہزار 900 روپے رکھی گئی ہے۔
نئے ماڈل میں کسی قسم کی مکینیکل تبدیلی نہیں کی گئی تاہم اس کے ظاہری ڈیزائن میں ہلکی سی بہتری لائی گئی ہے اور نئی گرافکس شامل کی گئی ہیں۔ ہونڈا سی جی 125 پاکستان میں اپنی مضبوط ساخت، دیرپا انجن اور قابلِ اعتماد کارکردگی کی بدولت طویل عرصے سے مقبول موٹر سائیکل سمجھی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہونڈا پرائیڈر موٹر سائیکل ،2026ماڈل کی قیمت سامنے آگئی
ہونڈا سی جی 125 (2026) یورو II معیار کے مطابق 4-اسٹروک OHV ایئر کولڈ انجن کے ساتھ پیش کی گئی ہے، جس کا بور اور اسٹروک 56.5 x 49.5 ملی میٹر ہے۔ موٹر سائیکل میں 9.2 لیٹر کا فیول ٹینک دیا گیا ہے جبکہ ریزرو کی گنجائش 2 لیٹر ہے۔
موٹر سائیکل میں 4 اسپیڈ کانسٹنٹ میش گیئر باکس نصب ہے۔ اس کے ڈائمینشنز 1912 x 735 x 1026 ملی میٹر ہیں، جبکہ گراؤنڈ کلیئرنس 132 ملی میٹر رکھی گئی ہے۔ سیٹ ہائٹ 764 ملی میٹر ہے جو عام قد کے افراد کے لیے موزوں ہے، جبکہ 1204 ملی میٹر کا وہیل بیس بہتر استحکام فراہم کرتا ہے۔
سسپنشن کے نظام میں آگے ٹیلی اسکوپک فورک شامل ہے جس کا ٹریول 103 ملی میٹر ہے، جبکہ پیچھے سوئنگ آرم سسپنشن دی گئی ہے جس کا ٹریول 68 ملی میٹر ہے۔ فرنٹ ٹائر 2.50–18 (4 PR) اور ریئر ٹائر 3.00–17 (6 PR) ہیں۔ موٹر سائیکل کا ڈرائی ویٹ 100 کلوگرام ہے، جو بہتر توازن اور مستحکم رائیڈ میں مدد دیتا ہے۔
ڈیزائن اور فیچرز کے لحاظ سے ہونڈا سی جی 125 زیادہ تر پچھلے ماڈلز جیسی ہی ہے۔ اس میں رولر چین استعمال کی گئی ہے اور کک اسٹارٹ کے ذریعے بآسانی اسٹارٹ کی جا سکتی ہے۔ معمولی تبدیلیوں میں قدرے اونچی پلین سیٹ اور پچھلے انڈیکیٹرز کی پوزیشن شامل ہے۔
ہونڈا سی جی 125 اپنے مضبوط فریم، طویل وہیل بیس اور بہتر گرپ کی بدولت مستحکم رائیڈ فراہم کرتی ہے۔ اس کے اسپیئر پارٹس ملک کے تمام شہروں میں آسانی سے دستیاب ہیں اور مکینکس بھی اس کے سسٹم سے بخوبی واقف ہیں۔
موٹر سائیکل کا فیول ایوریج تقریباً 45 کلومیٹر فی لیٹر بتایا جاتا ہے، جو اسے روزمرہ استعمال اور طویل سفر دونوں کے لیے موزوں بناتا ہے۔
مجموعی طور پر ہونڈا سی جی 125 کا 2026 ماڈل معمولی قیمت اضافے کے باوجود پاکستان کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اور قابلِ اعتماد موٹر سائیکلوں میں اپنی جگہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔





