وزیراعظم شہباز شریف کا آذربائیجان کا دو روزہ دورہ، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم کا استقبال آذربائیجان کے اول نائب وزیر اعظم یعقوب عبداللہ اوعلو ایوبوف، نائب وزیر خارجہ یالچین رفائیف، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرخادوف، آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور دیگر سینئر حکام نے کیا۔

پرائم منسٹر آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وزیراعظم کے اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور دیگر اعلیٰ آذربائیجانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاعی تعاون، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تعاون اور ثقافتی تبادلوں پر گفتگو کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے پی ٹی آئی وفد کی ملاقات آج ہوگی

دورے کے دوران، دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم اور موثر ہو سکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور دونوں ممالک کے مفادات کو فروغ دینے کے لیے اہم قدم ثابت ہو گا۔

Scroll to Top